
اردن کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کی صبح ایران کی جانب سے داغے گئے پانچ میزائل ان کے فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیے۔
فوجی ترجمان کے مطابق ریڈارز نے میزائلوں کی بروقت نشاندہی کر لی تھی، جس کے بعد فضائی دفاعی یونٹس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام پانچوں میزائل کامیابی سے مار گرائے۔
اس سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ اردن میں موجود ایک ایسے اڈے کی جانب کئی میزائل داغے گئے، جسے امریکی افواج استعمال کرتی ہیں۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمان (سینٹکام) نے بھی تصدیق کی کہ ایران نے اردن میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ سینٹکام کے مطابق حملہ اچانک کیا گیا، تاہم تمام میزائل اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کر دیے گئے۔