نوشکی میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، خودکش بمبار سمیت 7 دہشتگرد مارے گئے

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا، جس میں سات دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی ایک کمین گاہ کو نشانہ بنایا گیا، جو مکمل طور پر تباہ کر دی گئی۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے زیرِ استعمال اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ کر دیا گیا، جس سے ممکنہ دہشت گرد کارروائیوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top