کافی پینے پر تنازع، بھارتی اداکارہ نے شوہر اور سسرالیوں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا

بھارتی ٹی وی اداکارہ ادیتی شرما نے اپنے شوہر اور سسرالیوں کے خلاف ممبئی میں گھریلو تشدد کا مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ اداکارہ کا دعویٰ ہے کہ شادی کے صرف دو ماہ بعد ایک معمولی بات، یعنی کافی پینے پر ہونے والا جھگڑا، ان کی ازدواجی زندگی میں مسلسل تنازعات کی وجہ بن گیا۔

پولیس کے مطابق 31 جولائی کو گوریگاؤں پولیس اسٹیشن میں اداکارہ کی شکایت پر ان کے شوہر، ساس اور نند کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ادیتی شرما نے اپنی درخواست میں الزام لگایا ہے کہ انہیں جسمانی اور ذہنی تشدد، مار پیٹ، زبانی بدسلوکی، کردار کشی اور گھریلو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شادی میں ملنے والے زیورات بھی سسرالیوں نے اپنے پاس رکھ لیے اور بارہا مطالبہ کرنے کے باوجود واپس نہیں کیے۔

اداکارہ کے مطابق ان کی اپنے شوہر ابھینیت سے پہلی ملاقات جون 2021 میں ایک آن لائن ایکٹنگ کلاس کے دوران ہوئی تھی۔ دوستی بعد میں محبت میں بدلی اور دونوں نے 12 نومبر 2024 کو خاندانوں کی رضامندی سے شادی کر لی۔

ادیتی شرما کا کہنا ہے کہ شادی کے کچھ ہی عرصے بعد شوہر کا رویہ بدل گیا اور لباس سمیت معمولی باتوں پر جھگڑے شروع ہو گئے۔ ان کے مطابق یکم جنوری 2025 کو کافی پینے کے معاملے پر ہونے والا تنازع شدت اختیار کر گیا، جس کے بعد شوہر نے ان پر بے بنیاد الزامات لگانے، موبائل فون چیک کرنے اور الگ کمرے میں رہنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔

اداکارہ نے مزید الزام عائد کیا کہ انہیں اپنے والدین سے رابطہ رکھنے سے بھی روکا جاتا تھا، جبکہ ساس نے ان کے شادی کے زیورات اپنے پاس رکھ لیے اور واپس کرنے سے انکار کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد تمام الزامات کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متعلقہ فریقین کا مؤقف بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top