وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دے دی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کے سیاسی مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران حکومتی نمائندوں نے پی ٹی آئی کو دوبارہ مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی کی تجویز کردہ جگہ پر بھی بات چیت کی جا سکتی ہے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا بہترین حل مذاکرات ہیں اور اب فیصلہ پی ٹی آئی کو کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو دی گئی مذاکرات کی دعوت کا تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان تحریک انصاف اس دعوت پر سنجیدگی سے غور کرے گی تاکہ اہم سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکے۔