سائنسدانوں نے صرف 3 منٹ میں چارج ہونے والی نئی بیٹری تیار کرلی

آسٹریلیا کی فلینڈرز یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایک نئی قسم کی بیٹری تیار کی ہے جسے مکمل طور پر چارج ہونے میں صرف 3 منٹ لگتے ہیں۔ اس نئی بیٹری کی خاص بات یہ ہے کہ اسے تقریباً 60 ہزار مرتبہ مکمل چارج کیا جاسکتا ہے، جس کے باعث اس کی عمر موجودہ بیٹریوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس نئی بیٹری میں روایتی لیتھیم آئن ٹیکنالوجی کے بجائے زنک اور آئیوڈین پر مبنی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کا ایک اہم فائدہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس میں آگ لگنے کا خطرہ کم ہے، جبکہ موجودہ اسمارٹ فونز میں استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریاں زیادہ استعمال یا بار بار چارج ہونے کے باعث وقت کے ساتھ اپنی کارکردگی کھو دیتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق اگر کسی بیٹری کو 60 ہزار مرتبہ مکمل چارج کیا جاسکے تو نظری طور پر اس کی عمر کئی دہائیوں تک ہوسکتی ہے، جو عام اسمارٹ فون بیٹری کی ایک سے دو سال کی مؤثر زندگی کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

تاہم یہ نئی بیٹری ابھی اسمارٹ فونز میں استعمال کے لیے دستیاب نہیں۔ فلینڈرز یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنانے اور عملی استعمال کے قابل بنانے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ اگر یہ ٹیکنالوجی کامیاب ہوگئی تو مستقبل میں موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک آلات کو چند منٹ میں چارج کرنا ممکن ہوسکتا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top