بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان سے متعلق انکشاف سامنے آیا ہے کہ 90 کی دہائی میں ممبئی کے انڈر ورلڈ کی جانب سے دھمکیوں اور فلموں میں کام کرنے کے لیے دباؤ کے باوجود اداکار نے جھکنے سے انکار کردیا تھا۔
معروف بھارتی فلمساز سنجے گپتا نے ایک حالیہ انٹرویو میں 90 کی دہائی کے دوران بھارتی فلم انڈسٹری میں انڈر ورلڈ کے اثر و رسوخ کو یاد کرتے ہوئے شاہ رخ خان سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا۔
سنجے گپتا کے مطابق وہ اس دور کے عینی شاہد ہیں جب ممبئی میں انڈر ورلڈ کا خوف اپنے عروج پر تھا اور فلمی دنیا سے وابستہ اداکار، اداکارائیں، ہدایت کار اور دیگر شخصیات اس کے دباؤ سے محفوظ نہیں تھیں۔
فلمساز نے بتایا کہ اس زمانے میں بڑے اداکاروں اور اداکاراؤں پر مخصوص فلمیں سائن کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا تھا۔ بعض اوقات انڈر ورلڈ سے وابستہ افراد فلموں کے سیٹس پر بھی پہنچ جاتے اور شوٹنگ دیکھتے تھے۔
سنجے گپتا کے مطابق شاہ رخ خان ان چند اداکاروں میں شامل تھے جنہوں نے ایسے دباؤ کے سامنے سمجھوتہ کرنے سے انکار کیا۔ جب اداکار کو دھمکی دی گئی اور فلموں یا شوز میں کام کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تو انہوں نے مبینہ طور پر واضح کردیا کہ وہ ان کے کہنے پر نہ کوئی فلم کریں گے اور نہ ہی کوئی شو۔
فلمساز کے بیان کے مطابق شاہ رخ خان نے مبینہ طور پر انڈر ورلڈ کو جواب دیتے ہوئے کہا، ’’میں پٹھان ہوں، گولی مارنی ہے تو مار دو، میں تم سے نہیں ڈرتا۔‘‘
سنجے گپتا کا یہ بیان سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہا ہے اور شاہ رخ خان کے مداح ان کے ماضی کے اس مبینہ دوٹوک مؤقف کو بہادری اور دبنگ انداز سے جوڑ رہے ہیں۔