پشاور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عوام موجودہ اسٹیٹس کو سے نجات اور جمہوری انداز میں تبدیلی چاہتے ہیں، اسی مقصد کے لیے 27 ستمبر کو پرامن مارچ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مارچ کسی شوق یا نمائش کے لیے نہیں بلکہ عوامی مطالبات کے اظہار کے لیے ہوگا اور اس میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام سیاسی کشیدگی اور تقسیم سے تنگ آ چکے ہیں اور جمہوری طریقے سے تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مولانا فضل الرحمان سمیت اپوزیشن کی دیگر جماعتیں بھی 27 ستمبر کے مارچ میں شریک ہوں گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام نئے انتخابات چاہتے ہیں اور ملک میں سیاسی معاملات کو جمہوری انداز میں آگے بڑھایا جانا چاہیے۔ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی جلد بازی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے وسیع مشاورت کے ذریعے فیصلہ کیا جانا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے معاملے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو صحت کا مسئلہ درپیش ہے، اسی لیے چیف جسٹس سے متعلقہ مقدمے کی سماعت جلد مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
انہوں نے نرسنگ کالج کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے طلبا پر پولیس تشدد کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف تشدد نہیں ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے صوبوں سے متعلق بیان پر بھی تنقید کرتے ہوئے اسے قابل مذمت قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے الفاظ واپس لیں۔