تیسرا ٹیسٹ، انگلینڈ کے خلاف پاکستان کا تباہ کن آغاز، صرف 26 رنز پر 4 وکٹیں گر گئیں

برمنگھم: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں گرین شرٹس نے بیٹنگ کا انتہائی مایوس کن آغاز کیا اور ابتدائی مرحلے میں ہی قومی ٹیم کی 4 وکٹیں صرف 26 رنز پر گر گئیں۔

برمنگھم میں جاری میچ میں انگلینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور اذان اویس نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم صائم ایوب کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔

اذان اویس بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد عبداللہ شفیق بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور 3 رنز کے انفرادی اسکور پر رابنسن کی گیند کا شکار بن گئے۔

پاکستان کو چوتھا نقصان شان مسعود کی صورت میں اٹھانا پڑا، جنہیں آرچر نے آؤٹ کیا۔ یوں قومی ٹیم نے ابتدائی اوورز ہی میں اہم وکٹیں گنوا دیں اور بیٹنگ لائن شدید دباؤ میں آگئی۔

اس میچ میں پاکستان کی جانب سے تین کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔ غازی غوری، رضا اللہ اور عمران رندھاوا کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

غازی غوری کو سعود شکیل نے ٹیسٹ کیپ پہنائی، جبکہ محمد عباس نے رضا اللہ اور بابر اعظم نے عمران رندھاوا کو ٹیسٹ کیپ دی۔

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو پہلے ہی 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ آخری ٹیسٹ پاکستان کے لیے سیریز کا اختتام کامیابی کے ساتھ کرنے کا موقع ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top