
ورلڈ کپ فائنل کے بعد پیش آنے والے ہنگامے نے ارجنٹینا کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ عالمی فٹبال فیڈریشن (فیفا) نے ٹیم کے رویے پر باضابطہ تادیبی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
فیفا نے گزشتہ ہفتے نیویارک میں کھیلے گئے فائنل کے بعد ہونے والے جھگڑوں کی تحقیقات کے لیے ایک ڈسپلنری پراسیکیوٹر مقرر کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق فائنل ختم ہوتے ہی ارجنٹینا کے چند کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف کے ارکان سپین کے کھلاڑیوں کے ساتھ جھگڑے میں ملوث ہوئے تھے۔
پراسیکیوٹر کی ابتدائی سفارشات کے بعد فیفا نے ارجنٹینا کے ناہویل مولینا، لیاندرو پاریدیس اور اسسٹنٹ کوچ روبرٹو آیالا کے خلاف مبینہ حملے اور غیر مناسب رویے کے الزامات پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ناہویل مولینا کو غیر دوستانہ رویے کے الزام کا بھی سامنا ہے، جبکہ ارجنٹینا کے تیاگو المادا اور سپین کے مڈفیلڈر گاوی کے خلاف بھی اسی نوعیت کی کارروائی زیرِ غور ہے۔
تحقیقات مکمل ہونے کے بعد فیفا فیصلہ کرے گا کہ متعلقہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے خلاف جرمانہ، معطلی یا دیگر تادیبی اقدامات کیے جائیں گے یا نہیں۔