
سپریم کورٹ نے فوت شدہ سرکاری ملازمین کی پنشن اور دیگر مراعات سے متعلق ایک اہم فیصلہ سنایا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ متوفی ریٹائرڈ ملازم کی پنشن اور مراعات کی حقدار صرف اس کی بیوہ یا وہ شخص ہوگا جسے قانون کے مطابق نامزد کیا گیا ہو۔
یہ فیصلہ ایک ایسے کیس میں دیا گیا جس میں فوت شدہ پیسکو ملازم کے بہن بھائیوں نے وراثتی حق کی بنیاد پر پنشن اور مراعات کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم سپریم کورٹ نے ان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے تحریر کیے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنشن کی ادائیگی وراثتی قوانین کے بجائے متعلقہ سروس رولز، ادارہ جاتی ضوابط اور قانونی نامزدگی کے مطابق کی جاتی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ پنشن کو عام وراثتی جائیداد نہیں سمجھا جا سکتا۔
سپریم کورٹ نے مزید قرار دیا کہ صرف قانونی وارث ہونا کسی شخص کو خودکار طور پر پنشن یا دیگر مراعات کا حق دار نہیں بناتا، بلکہ اس کا فیصلہ متعلقہ قوانین اور نامزدگی کے اصولوں کے مطابق ہی کیا جائے گا۔