
دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کو اپنی عالمی برتری برقرار رکھنے کے لیے ایک نئے چیلنج کا سامنا ہے۔ تازہ رپورٹس کے مطابق کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں تقریباً 500 ارب ڈالر تک کمی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اے آئی چِپ سے متعلق مسائل اور سپلائی چین پر بڑھتے ہوئے دباؤ نے ایپل کے مستقبل کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کمپنی کے سروسز کاروبار کی رفتار توقعات سے کم رہی، جبکہ مالی کارکردگی سے متعلق کمزور پیش گوئی نے بھی مارکیٹ پر منفی اثر ڈالا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انہی خدشات کے باعث جمعہ کے روز ایپل کے حصص میں تقریباً 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد کمپنی کی مارکیٹ مالیت میں 500 ارب ڈالر تک کمی آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ایپل کی سپلائی چین اور کاروباری حکمت عملی پر سرمایہ کاروں کی گہری نظر رہے گی، کیونکہ یہی عوامل کمپنی کی آئندہ کارکردگی کا تعین کریں گے۔