اونچے درجے کے سیلاب کے باعث بابوسر ٹاپ شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند

شدید بارشوں کے بعد بابوسر ٹاپ ایک بار پھر سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آ گیا، جس کے باعث شاہراہ بابوسر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب شاہراہ قراقرم بھی ایک مال بردار ٹرک الٹنے کے باعث عارضی طور پر بند ہو گئی، جس سے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے مطابق، تھک کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کے باعث زیرو پوائنٹ پر شاہراہ بابوسر مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فی الحال متبادل راستے کے طور پر شاہراہ قراقرم استعمال کریں۔

ادھر شاہراہ قراقرم پر شنگ نالہ کے قریب ایک مال بردار ٹرک الٹنے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرک کو ہٹانے اور سڑک کو دوبارہ کھولنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔

این ایچ اے نے مزید بتایا ہے کہ گونر فارم چیک پوسٹ پر مزید گاڑیوں کا داخلہ عارضی طور پر روک دیا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور بھاری مشینری متاثرہ علاقوں میں شاہراہوں کی جلد بحالی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔

حکام نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں کی مکمل بحالی تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور روانگی سے قبل متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ سفری ہدایات ضرور چیک کریں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top