پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مقامی صرافہبازاروں میں بھی سونا نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی خبروں کے بعد عالمی گولڈ مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی، جس کا اثر پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں پر پڑا۔
ملک میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 10 ہزار روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 37 ہزار 936 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ 10 گرام سونا 8 ہزار 573 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 75 ہزار 459 روپے کا ہوگیا۔
دوسری جانب فی تولہ چاندی کی قیمت میں 273 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 6 ہزار 624 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی اونس سونا 100 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 155 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں جاری غیر یقینی صورتحال اور بین الاقوامی پیش رفت کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے۔