اوپن اے آئی کا نوجوانوں کے لیے چیٹ جی پی ٹی میں نئے حفاظتی اقدامات کا اعلان

اوپن اے آئی نے 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے چیٹ جی پی ٹی میں مزید حفاظتی اقدامات متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کے مطابق نئے چیٹ جی پی ٹی فار ٹینز تجربے کا مقصد نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کے ساتھ حد سے زیادہ انسانی تعلق قائم کرنے اور چیٹ بوٹ کے غیر ضروری استعمال سے محفوظ رکھنا ہے۔

نوجوان صارفین اب چیٹ جی پی ٹی کی انسان جیسی آواز میں جواب دینے کی سہولت بند کر سکیں گے۔ انہیں زیادہ دیر تک چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے کی صورت میں وقفہ لینے کی یاد دہانی بھی کرائی جائے گی۔

13 سے 17 سال کی عمر ظاہر کرنے والے صارفین کو خودکار طور پر نوعمر صارفین کے لیے بنائے گئے محفوظ تجربے میں شامل کیا جائے گا۔ کمپنی کے نظام کی جانب سے 18 سال سے کم عمر قرار دیے جانے والے صارفین کو بھی یہی تجربہ فراہم کیا جائے گا۔ 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے چیٹ جی پی ٹی دستیاب نہیں ہوگا۔

اوپن اے آئی کے مطابق یہ اقدامات کسی ایک واقعے کے ردعمل میں نہیں کیے گئے بلکہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق بڑھتے خدشات کے پیش نظر حفاظتی نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

نوجوانوں کی تعلیم کے لیے اسٹڈی موڈ کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ اس میں طلبہ کو براہ راست جواب دینے کے بجائے سوالات اور مرحلہ وار رہنمائی کے ذریعے مسائل سمجھنے میں مدد دی جائے گی۔

اس کے علاوہ نوجوان صارفین اور والدین اسٹڈی آورز اور کوائٹ آورز مقرر کر سکیں گے تاکہ پڑھائی کے اوقات میں چیٹ جی پی ٹی کے استعمال کو منظم کیا جا سکے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top