متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے المنہاد ایئربیس کو میزائل یا ڈرون حملوں کا نشانہ بنائے جانے سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات کی تردید کردی ہے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق المنہاد ایئربیس پر حملے سے متعلق میڈیا میں گردش کرنے والی خبریں درست نہیں۔ تاہم اماراتی دفاعی نظام نے ملکی حدود میں داخل ہونے والے ایک ڈرون کو روکنے کی تصدیق کی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ملک کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معلومات کے حصول کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ اطلاعات کو پھیلانے سے گریز کریں۔
یہ پیش رفت ایرانی فوج کے اس دعوے کے چند گھنٹے بعد سامنے آئی جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی فورسز کی جانب سے لارک جزیرے پر کیے گئے مبینہ حملے کے جواب میں متحدہ عرب امارات کے المنہاد ایئربیس پر موجود امریکی فورسز اور ہیلی کاپٹروں کو درجنوں ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔
اماراتی حکام کی جانب سے اس دعوے کی تردید کے بعد المنہاد ایئربیس پر حملے سے متعلق اطلاعات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔