بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے کھلاڑیوں کی فٹنس اور قومی ٹیم میں انتخاب کے حوالے سے اپنی پالیسی میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد انجری کا شکار کھلاڑیوں کو مکمل فٹنس حاصل کیے بغیر ٹیم میں شامل کرنے کے معاملے سے پیدا ہونے والی مشکلات کو کم کرنا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے جسپریت بمراہ، نتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر اور ہرشت رائنا کے ناموں کے ساتھ خصوصی نشان لگایا گیا۔ اس نشان کا مطلب تھا کہ ان کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے سے مشروط ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی اب کسی بھی کھلاڑی کو اسکواڈ میں شامل کرنے سے قبل اس کی فٹنس کے معاملے میں مزید احتیاط برتنا چاہتا ہے۔ بورڈ کے ایک باخبر ذریعے کے مطابق اب محض کھلاڑی کے فٹ ہونے کی توقع پر انحصار کرنے کے بجائے اس کی دستیابی کے حوالے سے زیادہ یقین حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی، تاکہ بعد میں انجری یا فٹنس مسائل کے باعث ٹیم میں آخری وقت پر تبدیلی نہ کرنا پڑے۔
حالیہ عرصے میں بھارتی ٹیم کو متعدد کھلاڑیوں کی انجریز کے باعث مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ ہرشت رائنا، جسپریت بمراہ، واشنگٹن سندر اور نتیش کمار ریڈی ان کھلاڑیوں میں شامل رہے ہیں جنہیں بین الاقوامی ذمہ داریوں کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا، تاہم فٹنس مسائل یا انجری کے باعث بعد میں ان کی دستیابی متاثر ہوئی۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نے بھی کھلاڑیوں کے انتخاب اور فٹنس کے طریقہ کار کی وضاحت کی ہے۔ ان کے مطابق بین الاقوامی سیریز کے لیے اسکواڈ کا انتخاب عموماً تین سے چار ہفتے پہلے کیا جاتا ہے، اس دوران کسی کھلاڑی کی فٹنس میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کھلاڑی انتخاب کے وقت مکمل طور پر فٹ نہیں ہے تو ضروری نہیں کہ وہ اگلے 21 یا 28 دن تک بھی ان فٹ رہے۔ اگر وہ سفر یا میچ سے قبل مکمل فٹنس حاصل کر لیتا ہے تو اسے ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اسی وجہ سے بورڈ ایسے کھلاڑیوں کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے کے بجائے ان کی شمولیت کو فٹنس سے مشروط کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کا سینٹر آف ایکسیلینس بھی کھلاڑیوں کی فٹنس کے معاملے میں مزید محتاط رویہ اختیار کر رہا ہے۔ نئی پالیسی کا مقصد بظاہر یہی ہے کہ کسی کھلاڑی کو وقت سے پہلے مکمل فٹ قرار دینے کے بجائے اس کی حقیقی فٹنس اور میچ کے لیے دستیابی کا مکمل جائزہ لیا جائے۔
بی سی سی آئی کے اس نئے طریقہ کار سے قومی ٹیم کے انتخاب میں فٹنس کو مزید اہمیت ملنے کا امکان ہے، جبکہ بورڈ یہ بھی چاہتا ہے کہ اہم سیریز کے دوران انجری کے باعث آخری وقت میں اسکواڈ میں تبدیلیوں اور غیر یقینی صورتحال کو کم کیا جا سکے۔