ایکس کا دنیا بھر کے کنٹینٹ کریئیٹرز کے لیے آمدنی کا نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے دنیا بھر کے کنٹینٹ کریئیٹرز کے لیے آمدنی کا نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے، جس کا مقصد اصل اور معیاری مواد تخلیق کرنے والے کریئیٹرز کو مالی فائدہ پہنچانا ہے۔

ایکس کے مطابق نئے نظام کو ’اوریجنل کنٹینٹ ریوارڈز پروگرام‘ کا نام دیا گیا ہے۔ نئے پروگرام کے ذریعے کاپی شدہ، چوری شدہ اور غیر معیاری مواد کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، جبکہ منفرد اور اصل مواد تیار کرنے والے کریئیٹرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

نئے نظام کے نفاذ کے ساتھ ایکس کا موجودہ ’ایڈز ریوینیو شیئرنگ‘ پروگرام 7 ستمبر 2026 کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔ پرانے پروگرام کے تحت کریئیٹرز کو آخری ادائیگی 11 ستمبر کو کی جائے گی۔

تاہم ایکس کے مطابق نئے آمدنی پروگرام کی سہولت پاکستان میں موجود صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوگی، جس کا مطلب ہے کہ پاکستانی کریئیٹرز اس پروگرام سے فی الحال براہ راست فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔

ایکس نے بتایا کہ ’اوریجنل کنٹینٹ ریوارڈز پروگرام‘ کے لیے درخواستیں 8 ستمبر 2026 سے وصول کی جائیں گی۔ وہ صارفین جن کی شناختی تصدیق پہلے ہی مکمل ہوچکی ہے اور جنہوں نے پے آؤٹ کا طریقہ کار اپنے اکاؤنٹ سے منسلک کر رکھا ہے، انہیں دوبارہ یہ مراحل مکمل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

نئے نظام کے تحت ایکس کا بنیادی فوکس ایسے کریئیٹرز کو مالی طور پر فائدہ پہنچانے پر ہوگا جو پلیٹ فارم پر اصل، معیاری اور قابل قدر مواد تخلیق کرتے ہیں۔ نئے پروگرام کے ذریعے پلیٹ فارم پر منفرد مواد کے فروغ اور کاپی شدہ مواد کی حوصلہ شکنی کی کوشش کی جائے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top