ویلنشیا ٹاؤن میں امریکی خاتون اور بچوں کی موت کا معمہ حل، پولیس نے اہم حقائق سامنے رکھ دیے

لاہور کے علاقے ویلنشیا ٹاؤن میں امریکی خاتون اور ان کے تین بچوں کی ہلاکت کے کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے تفتیش مکمل کر لی ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق تحقیقات اور فرانزک شواہد کی بنیاد پر پولیس اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ بچوں کی والدہ نے مبینہ طور پر اپنے تینوں بچوں کو زہریلا کیمیکل ملا کر آئس کریم کھلائی، جس کے بعد خود بھی وہی آئس کریم کھا لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے اپنے شوہر کو بھی وہی آئس کریم کھلانے کی کوشش کی، تاہم وہ محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق خاتون اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ امریکا سے لاہور آئی تھیں اور ویلنشیا ٹاؤن میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھیں۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ خاتون ذہنی دباؤ کا شکار تھیں اور انٹرنیٹ پر خودکشی کے طریقوں سے متعلق معلومات تلاش کرتی رہتی تھیں۔

تحقیقات کے مطابق خاتون نے مبینہ طور پر ایک آن لائن فروش سے پوٹاشیم سائنائڈ منگوایا، جس کی ادائیگی منی گرام کے ذریعے کی گئی۔ پولیس نے اس کیمیکل کی فراہمی کے الزام میں آن لائن دکان کے مالک اور ایک رائیڈر کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ شوہر کا پولی گرافک ٹیسٹ، فرانزک تجزیہ، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد پولیس نے اپنی تفتیشی رپورٹ مرتب کی۔ حکام کے مطابق کیس سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top