
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ایک ایسا قتل کیس سامنے آیا جس نے پولیس سمیت سب کو حیران کر دیا۔
ابتدائی طور پر ایک جلی ہوئی گاڑی سے بری طرح جھلسی ہوئی لاش برآمد ہوئی۔ لاش اس قدر جل چکی تھی کہ چہرے سے اس کی شناخت ممکن نہیں رہی تھی۔ تاہم گاڑی میں موجود موبائل فون، شناختی کارڈ، لیپ ٹاپ اور دیگر ذاتی سامان کی بنیاد پر شبہ ظاہر کیا گیا کہ مرنے والا چاول کا تاجر ذیشان ناز ہے۔
لیکن جب پولیس نے ذیشان کے اہلِ خانہ سے رابطہ کیا تو معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا۔ ذیشان کے بھائی نے دعویٰ کیا کہ یہ لاش ان کے بھائی کی نہیں ہو سکتی، جبکہ دوسری جانب سرد خانے پہنچنے پر ذیشان کی اہلیہ نے اسی لاش کو اپنے شوہر کی میت قرار دے دیا۔
گھر والوں کے ان متضاد بیانات نے پولیس کے شکوک میں اضافہ کر دیا، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا۔ تفتیش کے دوران پولیس اس نتیجے پر پہنچی کہ مبینہ طور پر ذیشان نے اپنی ہی موت کا ڈرامہ رچانے کے لیے ایک منصوبہ بنایا تھا۔ حکام کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔