خیبرپختونخوا میں جعلی اسلحہ لائسنس کا بڑا اسکینڈل بے نقاب

خیبرپختونخوا میں جعلی اسلحہ لائسنس بنانے کا ایک بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے، جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر بعض سرکاری ملازمین کی ملی بھگت سے جعلی اسلحہ لائسنس تیار کرتے تھے، جنہیں 80 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک میں فروخت کیا جاتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران محکمہ داخلہ کی لائسنس برانچ کے ایک اہلکار کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، تاہم اس پہلو پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، پرنٹر، سیاہی کی بوتلیں، تقریباً 700 خالی کارڈز اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے، جنہیں فرانزک اور مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے محکمہ داخلہ کو بھی باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کا کہنا ہے کہ تحقیقات شفاف انداز میں کی جا رہی ہیں، اور اگر کسی سرکاری اہلکار کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تو اس کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top