
الیکشن کمیشن نے پاکستان کے زیرِ انتظام آزاد کشمیر میں ہونے والے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے کے غیر حتمی نتائج جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے 18 میں سے 14 نشستیں اپنے نام کر لی ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی چار نشستوں پر کامیاب رہی۔
مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے بتایا کہ ایک حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد ون میں پولنگ ابھی باقی ہے، جو کل ہوگی۔ ان کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارش کے باعث اس حلقے میں ووٹنگ مؤخر کرنا پڑی تھی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں پاکستان میں مقیم مہاجرینِ کشمیر کی 12 نشستوں پر بھی پولنگ ہوئی، جہاں چار لاکھ سے زائد ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
دوسری جانب مظفرآباد میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے حامیوں کے احتجاج کے بعد ایک بار پھر شہر میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی، جس کے باعث شہریوں کو رابطے اور آن لائن سہولیات کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔