راجن پور میں بکری 18 لاکھ روپے میں فروخت، ڈھول کی تھاپ پر رخصت

راجن پور میں ایک نایاب نسل کی بکری 18 لاکھ روپے میں فروخت ہونے کے بعد علاقے بھر میں موضوعِ گفتگو بن گئی۔

بکری کے مالک کے مطابق شیری نسل سے تعلق رکھنے والی یہ تقریباً 15 کلو گرام وزنی ٹیڈی بکری اپنی خوبصورتی، منفرد رنگت اور اعلیٰ نسل کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتی ہے، جس کے باعث اس کی قیمت بھی غیر معمولی رکھی گئی۔

دلچسپ بات یہ رہی کہ خریدار بکری لینے کے لیے اکیلے نہیں آئے بلکہ درجنوں گاڑیوں پر مشتمل قافلے کے ساتھ پہنچے۔ بکری کی رخصتی کو یادگار بنانے کے لیے ڈھول بجائے گئے، بھنگڑے ڈالے گئے، نوٹ نچھاور کیے گئے اور بکری کو خصوصی انداز میں سجا کر روانہ کیا گیا۔

اس موقع پر مہمانوں کی تواضع بیف قورمے اور میٹھے چاولوں سے کی گئی، جبکہ اس منفرد منظر کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شہری بھی موقع پر جمع ہو گئے۔

یہ انوکھی فروخت اب سوشل میڈیا پر بھی خوب زیرِ بحث ہے۔ کچھ صارفین اسے اعلیٰ نسل کے جانوروں سے شوق اور محبت کا اظہار قرار دے رہے ہیں، جبکہ کئی لوگ ایک بکری کی 18 لاکھ روپے قیمت پر حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں۔ تاہم اس منفرد واقعے نے راجن پور سمیت سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top