بغیر ایم ٹیگ یا کم بیلنس والی گاڑیوں پر 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس روکنے کے حکم میں توسیع

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغیر ایم ٹیگ یا کم بیلنس والی گاڑیوں سے 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس وصول کرنے سے روکنے کے حکم میں مزید توسیع کر دی ہے، جس کے باعث فی الحال اضافی ٹیکس وصول نہیں کیا جا سکے گا۔

یہ معاملہ اضافی ٹول ٹیکس کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران زیرِ غور آیا، جہاں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے عدالت میں اپنا تحریری جواب بھی جمع کرا دیا۔

سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا انہیں این ایچ اے کے جواب کی کاپی موصول ہو گئی ہے؟ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جواب تو مل گیا ہے، لیکن ابھی اسے تفصیل سے پڑھنے کا موقع نہیں ملا۔

دوسری جانب این ایچ اے کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسی نوعیت کا ایک اور مقدمہ بھی عدالت میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے دونوں کیسز کو یکجا کر دیا جائے۔ تاہم عدالت نے واضح کیا کہ دونوں مقدمات الگ نوعیت کے ہیں، اس لیے ان کی سماعت بھی الگ الگ ہوگی۔

بعد ازاں عدالت نے بغیر ایم ٹیگ یا کم بیلنس والی گاڑیوں سے 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس وصولی روکنے کے اپنے سابقہ حکم کو برقرار رکھتے ہوئے اس میں توسیع کر دی اور مزید کارروائی کے لیے سماعت ملتوی کر دی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top