
حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ جلوس نکالے جا رہے ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔ جلوس کے روٹ پر آنے والے متعدد راستے کنٹینرز رکھ کر بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ ایم اے جناح روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا انتظام کیا ہے اور مختلف مقامات سے آنے والی گاڑیوں کو دیگر شاہراہوں کی طرف موڑا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں چہلم کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ اثناعشری جی-6 میں اختتام پذیر ہو گیا۔
پشاور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا، جبکہ لاہور میں مرکزی جلوس حویلی الف شاہ، اندرون دہلی گیٹ سے نکل کر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔
دوسری جانب کوئٹہ میں چہلم کے موقع پر سیکیورٹی کے پیشِ نظر قائد آباد، گوالمنڈی اور بروری کے علاقوں میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رکھی گئی ہے۔
اسی طرح حیدرآباد میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ حیدرآباد، مٹیاری، دادو، سجاول، ٹنڈو اللہ یار، ٹھٹھہ اور جھرک میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلوسوں کے دوران جاری کردہ ٹریفک پلان اور سیکیورٹی ہدایات پر عمل کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ تمام مذہبی اجتماعات پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوں۔