امریکا نے وزیٹر ویزا کے لیے ویزا بانڈ پروگرام مستقل طور پر نافذ کر دیا ہے، لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان اس پروگرام میں شامل نہیں۔
اس نئی پالیسی کے تحت کچھ ممالک کے شہریوں کو امریکا کا بی 1 (کاروباری) یا بی 2 (سیاحتی) ویزا حاصل کرنے سے پہلے 10 ہزار سے 20 ہزار امریکی ڈالر بطور قابلِ واپسی ضمانت جمع کرانا ہوگی۔
امریکی حکام کے مطابق اگر کوئی شخص ویزا کی تمام شرائط پر عمل کرتے ہوئے مقررہ وقت پر امریکا سے واپس آ جائے تو اس کی جمع کرائی گئی پوری رقم واپس کر دی جائے گی۔ تاہم اگر کوئی شخص ویزا کی خلاف ورزی کرے یا مقررہ مدت سے زیادہ امریکا میں قیام کرے تو یہ رقم ضبط کی جا سکتی ہے۔
امریکی فیڈرل رجسٹر کے مطابق یہ پروگرام 50 ممالک پر لاگو ہوگا۔ جنوبی ایشیا میں بنگلہ دیش اور نیپال اس فہرست میں شامل ہیں، جبکہ پاکستان اور بھارت کو اس پروگرام سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا آغاز پہلے آزمائشی بنیادوں پر کیا گیا تھا، جس کے بعد ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود امریکا میں غیر قانونی قیام کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ اسی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اب اس پروگرام کو مستقل کر دیا گیا ہے۔
اس فیصلے سے امریکا جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ انہیں فی الحال ویزا حاصل کرنے کے لیے 10 سے 20 ہزار ڈالر کی اضافی ضمانتی رقم جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔