پاکستان کے محمد زبیر نے ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں ٹیکن 8 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، فائنل میں جنوبی کوریا کے معروف گیمر لو ہائی کو 5-0 سے شکست دی۔
محمد زبیر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیکن 8 کے فائنل میں جنوبی کوریا کے لو ہائی کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی۔
ٹیکن 8 کا مقابلہ 5 سے 8 اگست تک پیرس ایکسپو پورٹ دے ورسائی میں منعقد ہوا، جس میں دنیا بھر سے 32 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
محمد زبیر نے سیمی فائنل میں پاکستان کے معروف گیمر ارسلان ایش کا سامنا کیا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد انہیں 5-4 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
ارسلان ایش دنیا کے کامیاب ترین ٹیکن کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور وہ کئی بڑے عالمی مقابلے جیت چکے ہیں۔
ارسلان ایش بعد میں آسٹریلیا کے یگامی سے شکست کے بعد چوتھی پوزیشن پر رہے۔
واضح رہے کہ ارسلان ایش نے دو ماہ قبل لاس ویگاس میں 2026 ایوو چیمپئن شپ جیتی تھی اور مسلسل چوتھی مرتبہ یہ عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
محمد زبیر کو ٹائٹل جیتنے پر انعامی رقم کے ساتھ کلب چیمپئن شپ کے پوائنٹس بھی ملے۔
محمد زبیر کی شاندار کامیابی پر ای اسپورٹس ورلڈ کپ کے منتظمین نے بھی سوشل میڈیا پر انہیں مبارکباد دی۔
ٹیکن دنیا کی مقبول فائٹنگ گیمز میں شامل ہے اور ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں بھی اس کے مقابلے بڑی توجہ حاصل کرتے ہیں۔