یوٹیوب نے نئے کریئیٹرز کے لیے اپنے پلیٹ فارم سے آمدنی حاصل کرنے کی شرائط مزید سخت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل ہوکر اشتہارات اور یوٹیوب پریمیم سے کمائی کرنے کے خواہشمند نئے کریئیٹرز کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ واچ آورز یا شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔
گوگل کی ملکیت یوٹیوب کے مطابق نئی شرائط یکم فروری 2027 سے نئے درخواست گزاروں پر لاگو ہوں گی۔ نئی پالیسی کے تحت کریئیٹرز کو گزشتہ 365 دنوں میں 8 ہزار اہل واچ آورز یا گزشتہ 90 دنوں میں 2 کروڑ اہل یوٹیوب شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔
اس سے قبل یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے لیے 4 ہزار اہل واچ آورز یا ایک کروڑ اہل شارٹس ویوز کی شرط عائد تھی۔ نئی پالیسی کے تحت دونوں اہداف کو دگنا کردیا گیا ہے، جس سے نئے کریئیٹرز کے لیے مونیٹائزیشن حاصل کرنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہوجائے گا۔
تاہم یوٹیوب نے مونیٹائزیشن کے لیے سبسکرائبرز کی کم از کم شرط میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ کریئیٹرز کو اب بھی یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے لیے کم از کم ایک ہزار سبسکرائبرز حاصل کرنا ہوں گے۔
نئی شرائط خاص طور پر ان نئے کریئیٹرز کے لیے اہم ہیں جو اپنے چینلز کو تیزی سے بڑھانے اور یوٹیوب سے آمدنی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہیں اب مونیٹائزیشن کے لیے زیادہ واچ ٹائم یا شارٹس پر زیادہ ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔
یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے ذریعے دنیا بھر میں 30 لاکھ سے زائد کریئیٹرز اپنی ویڈیوز سے آمدنی حاصل کررہے ہیں۔ پلیٹ فارم پر نئے کریئیٹرز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مونیٹائزیشن کی شرائط میں یہ تبدیلی اہم سمجھی جارہی ہے۔
نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد یوٹیوب سے آمدنی حاصل کرنے کے خواہشمند نئے کریئیٹرز کو اپنے چینلز کی کارکردگی، واچ ٹائم اور ویڈیو ویوز پر پہلے سے زیادہ توجہ دینا ہوگی۔