پاکستانی اداکار اور میزبان عمران اشرف نے سوشل میڈیا پر اپنے انتقال سے متعلق وائرل ہونے والی جعلی خبر کی تردید کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کی گئی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں عمران اشرف کے انتقال کی جھوٹی خبر دی گئی تھی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عمران اشرف کے مداحوں میں تشویش پھیل گئی، جس پر اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے وضاحت جاری کی۔
عمران اشرف نے بتایا کہ وہ الحمدللہ بالکل خیریت سے ہیں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی انتقال کی خبر جھوٹی ہے۔ انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
یہ جعلی ویڈیو ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی، جہاں اسی طرح کی دیگر مصنوعی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔ ان ویڈیوز میں مختلف معروف صحافیوں، کرکٹرز اور اداکاروں کو عمران اشرف کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔