وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہوگئے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وزیراعظم اجلاس سے خطاب کے دوران علاقائی اور عالمی معاملات پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، جبکہ دورے کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان اور رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے SCO Plus سربراہی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ وہ ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا جام کمال خان، عبدالعلیم خان اور عطاء اللہ تارڑ بھی کرغزستان گئے ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کرغزستان کے صدر صدر ژاپاروف سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط، تعلیم اور سیاحت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم ایک ہی شہر میں موجود ہوں گے۔ اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ روس، چین اور ایران کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔