ایشین کرکٹ کونسل نے ایشین گیمز میں مینز اور ویمنز کرکٹ مقابلوں کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے مطابق کرکٹ ایونٹ کا آغاز 17 ستمبر سے ہوگا اور مقابلے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
شیڈول کے مطابق پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ایشین گیمز میں اپنی مہم کا آغاز 17 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی۔
ویمنز کرکٹ کے سیمی فائنلز 20 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ ویمنز فائنل اور تیسری پوزیشن کے لیے میچ 22 ستمبر کو ہوں گے۔
دوسری جانب مینز کرکٹ کا کوالیفائنگ راؤنڈ 24 سے 26 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔ پاکستان مینز ٹیم 28 ستمبر کو گروپ بی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے خلاف کوارٹر فائنل مرحلے میں میدان میں اترے گی۔
ایشین گیمز میں مینز کرکٹ کے دونوں سیمی فائنلز یکم اکتوبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ ایونٹ کا فائنل 3 اکتوبر کو ہوگا۔
ایونٹ میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور سری لنکا کو سیڈڈ ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے اور یہ چاروں ٹیمیں براہ راست کوارٹر فائنل مرحلے میں شرکت کریں گی۔