روس نے سعودی عرب کو مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے حل کے لیے ثالثی اور سفارتی کوششوں میں تعاون کی پیشکش کردی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو بہتر بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں میں کردار ادا کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے روس کے ساتھ تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور روس کے درمیان مزید شراکت داری اور تعاون کے خواہاں ہیں۔
فیصل بن فرحان نے کہا کہ اوپیک پلس کے رکن ممالک کے درمیان تعاون عالمی سطح پر تیل کی طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے میں مددگار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور روس کا تعاون عالمی توانائی کی منڈیوں کے استحکام کے لیے بھی اہم ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں خطے کی صورتحال کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور عالمی توانائی مارکیٹ سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔