فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسٹیل یونٹس کے لیے سیلز ٹیکس جنرل آرڈر میں ترمیم کرتے ہوئے مزید 5 اسٹیل یونٹس کو بجلی پر 5 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس کی سہولت دے دی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ اسٹیل مینوفیکچررز کے تمام بجلی کے کنکشنز پر 5 روپے فی یونٹ کی نئی شرح لاگو ہوگی۔ اسٹیل یونٹس کی اہلیت کا فیصلہ ان کی تیار کردہ اسٹیل مصنوعات اور استعمال ہونے والے اسکریپ کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
نئی فہرست میں رشید اسٹیل، بتالہ اسٹیل، رائل اسٹیل، پلاٹینم اسٹیل ملز اور کے بی ایس اسٹیل فرنس شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی سیلز ٹیکس شرح کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ ایف بی آر ضرورت کے مطابق اس فہرست میں مزید تبدیلی بھی کرسکے گا اور اسٹیل یونٹس کو فہرست میں شامل یا خارج کرنے کا اختیار رکھے گا۔
اس فیصلے سے فہرست میں شامل اسٹیل یونٹس کے بجلی کے استعمال پر سیلز ٹیکس کی شرح 5 روپے فی یونٹ مقرر ہوگی۔