اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر فعال، منسوخ یا زیر استعمال نہ رہنے والے موبائل نمبرز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق ایسے موبائل نمبرز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کو بلاک کیا جائے گا جو اب فعال نہیں رہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ غیر فعال سمز سے منسلک بعض واٹس ایپ اکاؤنٹس فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو ایسے موبائل نمبرز کے ساتھ منسلک رکھیں جو اس وقت فعال اور ان کے زیر استعمال ہوں۔ اتھارٹی کے مطابق موبائل نمبر تبدیل ہونے کی صورت میں واٹس ایپ کی نمبر تبدیل کرنے والی سہولت کو بروقت استعمال کرنا ضروری ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ موبائل نمبر کو بروقت اپ ڈیٹ کرنے سے صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس پر کنٹرول برقرار رکھ سکیں گے اور اکاؤنٹ کے غلط استعمال کے امکانات بھی کم ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق غیر فعال سمز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کا عمل کسی بھی وقت شروع کیا جا سکتا ہے، اس لیے صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے منسلک موبائل نمبر کی حیثیت ضرور چیک کریں اور ضرورت پڑنے پر اسے فعال نمبر سے تبدیل کرلیں۔