قومی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی محمد رضوان اور امام الحق ڈومیسٹک کرکٹ کے آئندہ میچز میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ دونوں کرکٹرز کو پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے لیے نا اہل قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان اور امام الحق نے اپنی متعلقہ ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے فٹنس ٹیسٹ نہیں دیے، جس کے باعث ان کی فٹنس رپورٹس متعلقہ ٹیموں کے پاس موجود نہیں ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے قواعد کے مطابق فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت کے لیے کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنا اور اس کی رپورٹ جمع کرانا ضروری ہے۔ فٹنس ٹیسٹ اور رپورٹ کی عدم موجودگی کے باعث دونوں کرکٹرز ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے مطلوبہ شرائط پوری نہیں کرسکے۔
محمد رضوان سوئی ناردرن گیس کی ٹیم کے نائب کپتان ہیں۔ ٹیم کے کپتان شان مسعود کی پہلے راؤنڈ میں عدم دستیابی کی صورت میں محمد رضوان کو ٹیم کی قیادت کرنا تھی، تاہم فٹنس ٹیسٹ کی شرط پوری نہ ہونے کے باعث اب وہ ٹیم کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔
سوئی ناردرن گیس کا پہلا میچ اسٹیٹ بینک کے خلاف شیڈول ہے، جبکہ امام الحق کی ٹیم او جی ڈی سی کا مقابلہ پی ٹی وی سے ہونا ہے۔ امام الحق او جی ڈی سی کے کپتان ہیں۔
دونوں کھلاڑیوں کی عدم دستیابی سے ان کی متعلقہ ٹیموں کی ابتدائی میچز کی تیاریوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے، جبکہ ٹیموں کو اب اہم کھلاڑیوں کے بغیر میدان میں اترنا ہوگا۔