امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں دفاعی میزائلوں اور انٹرسیپٹرز کی کمی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے پاس وافر مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود موجود ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور ضرورت کے مطابق مزید اسلحہ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق دفاعی کمپنیاں ریکارڈ تعداد میں نئی فیکٹریاں اور پیداواری پلانٹس قائم کر رہی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے حساس معلومات لیک کرنے والوں کے خلاف بھی سخت مؤقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی معلومات منظر عام پر لانے والے افراد کی تلاش جاری ہے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے طویل قید کی سزاؤں کا مطالبہ کیا جائے گا۔
ایک اور بیان میں امریکی صدر نے ایران سے متعلق بھی اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور اگر ضرورت پڑی تو مناسب کارروائی کی جائے گی۔