ندا یاسر کا شادی شدہ مردوں کی مالی خودمختاری پر بیان وائرل

پاکستان کی معروف میزبان ندا یاسر کا ایک بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے شادی کے بعد بھی والدین پر مالی انحصار کرنے والے مردوں کے رجحان پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

ندا یاسر نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی شادی اس وقت کریں جب وہ اپنی ذمہ داریاں اٹھانے اور کمانے کے قابل ہو جائیں۔ ان کے مطابق بچوں کو شروع سے خودمختار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی زندگی کے فیصلے خود کر سکیں۔

انہوں نے مغربی ممالک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں نوجوان کم عمری سے ہی کام کرنا شروع کر دیتے ہیں اور اپنی تعلیم سمیت دیگر اخراجات خود برداشت کرتے ہیں، جبکہ پاکستان میں اکثر والدین اپنے بچوں کی مالی ذمہ داریاں طویل عرصے تک اٹھاتے رہتے ہیں۔

ندا یاسر کا کہنا تھا کہ بعض اوقات 40 یا 50 سال کی عمر کے افراد بھی اپنے والدین پر مالی طور پر انحصار کرتے ہیں، جو ایک درست رجحان نہیں۔ ان کے مطابق والدین کی ذمہ داری صرف تعلیم دلانا نہیں بلکہ بچوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا بھی ہے تاکہ وہ ایک بہتر اور خودمختار زندگی گزار سکیں۔

ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے، جہاں صارفین اس پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top