برسات کے موسم میں آنکھوں کے انفیکشن سے کیسے بچا جائے؟

مون سون کے موسم میں نمی، آلودگی اور جراثیم کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث آنکھوں کے انفیکشن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق بارشوں کے دوران آنکھوں کی حفاظت اور صفائی کا خاص خیال رکھنا مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آلودہ پانی، گردوغبار اور الرجی پیدا کرنے والے ذرات آنکھوں میں سوزش، سرخی، خارش، درد، پانی آنے اور دھندلا نظر آنے جیسی علامات پیدا کر سکتے ہیں۔ اگر یہ علامات زیادہ دیر تک برقرار رہیں تو فوری طور پر ماہرِ امراضِ چشم سے رجوع کرنا چاہیے۔

ڈاکٹروں کے مطابق ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھونا، گندے ہاتھوں سے آنکھوں کو نہ چھونا اور آنکھوں کو رگڑنے سے گریز کرنا انفیکشن سے بچنے کے مؤثر طریقے ہیں۔ اگر آنکھوں میں جلن یا تکلیف محسوس ہو تو صاف اور نیم گرم کپڑے سے گرم کمپریس کرنے سے وقتی آرام مل سکتا ہے۔

ماہرین یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ انفیکشن کے دوران آنکھوں کا میک اپ استعمال نہ کیا جائے اور تولیہ، رومال یا دیگر ذاتی اشیا کسی دوسرے شخص کے ساتھ شیئر نہ کی جائیں۔ بستر کی چادریں اور تکیے کے غلاف باقاعدگی سے دھونا بھی جراثیم کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر علامات میں بہتری نہ آئے یا مسئلہ شدت اختیار کر جائے تو خود علاج کرنے کے بجائے فوری طور پر ماہر ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے تاکہ مناسب علاج کے ذریعے آنکھوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top