بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن، 49 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے مختلف آپریشنز کے دوران 49 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر کے علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 12 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور کے علاقوں میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران 37 دہشتگرد مارے گئے۔

کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ برآمد ہونے والے سامان میں آئی ای ڈیز، ریموٹ ڈیٹونیشن ڈیوائسز اور دھماکا خیز ڈرمز بھی شامل ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لیں، جبکہ دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں اور مزید دہشتگردوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top