ملک میں مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، 20 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی میں 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 9.66 فیصد تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں 14.17 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پیٹرول 3.77 فیصد اور مرغی کا گوشت 3.35 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق لہسن کی قیمت میں 2 فیصد اور چنے کی دال کی قیمت میں 0.63 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب ہفتہ وار بنیاد پر بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی۔ انڈے 5.78 فیصد، ڈیزل 5.15 فیصد جبکہ ٹماٹر 4.99 فیصد سستے ہوئے۔
سالانہ بنیاد پر پیاز کی قیمت میں نمایاں 132.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹماٹر 93.21 فیصد، گندم کا آٹا 62.25 فیصد، ایل پی جی 51.69 فیصد اور ڈیزل 33.08 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر آلو کی قیمت میں 30.01 فیصد، چینی 19.10 فیصد، مرغی کے گوشت کی قیمت میں 17.68 فیصد جبکہ انڈے 17.41 فیصد سستے ہوئے۔
اعدادوشمار کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی میں مجموعی اضافہ جاری رہا، تاہم بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہفتہ وار اور سالانہ بنیادوں پر کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔