پاکستان اور گوگل کے درمیان قومی ڈیجیٹل تبدیلی، ڈیجیٹل مہارتوں اور جدت کے فروغ کیلئے اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت گوگل ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا، جہاں پاکستان اور گوگل کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے کا مقصد ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔
معاہدے کے تحت گوگل 2026 میں پاکستان میں گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس کے ڈیڑھ لاکھ مواقع فراہم کرے گا۔ پاکستانی طلبہ کو ایک سال تک گوگل اے آئی پلس، جیمنی اور دیگر جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز تک مفت رسائی بھی دی جائے گی۔
پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے اسلام آباد میں اے آئی سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام پر بھی تعاون کیا جائے گا، جبکہ نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت فراہم کی جائے گی۔
مفاہمت کے تحت موبائل ایپلی کیشنز اور گیمنگ انڈسٹری کی عالمی سطح پر مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل تجارت کا دائرہ وسیع کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
حکومت، گوگل اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک مشترکہ ٹاسک فورس بھی قائم کی جائے گی، جو پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور ڈیجیٹل معیشت کو 2030 تک 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے وزیراعظم کے وژن پر کام کرے گی۔
حکومت کے مطابق پاکستان اور گوگل کے درمیان یہ مفاہمت ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، نوجوانوں کیلئے روزگار اور عالمی ٹیکنالوجی مارکیٹ تک رسائی کے حوالے سے اہم پیشرفت ہے۔