چین کی ایران پر نئی امریکی پابندیوں کی مخالفت، سفارتی حل پر زور

چین نے ایران پر امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے دونوں فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلے کا حل سیاسی اور سفارتی ذرائع سے تلاش کریں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسی یکطرفہ پابندیوں کی بین الاقوامی قانون میں کوئی بنیاد نہیں جن کی منظوری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نہ دی ہو۔ چین نے متعلقہ فریقوں سے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے اور کشیدگی کم کرنے کیلئے سیاسی و سفارتی ذرائع استعمال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے ایران پر اقتصادی دباؤ مزید بڑھاتے ہوئے نئی پابندیاں عائد کی ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ان پابندیوں کا ہدف ایران کا خفیہ مالیاتی یا ’’شیڈو بینکنگ‘‘ نیٹ ورک ہے، جو تیل اور دیگر برآمدات سے حاصل ہونے والی رقوم کی منتقلی اور واپسی میں معاونت کرتا ہے۔

امریکی پابندیوں میں ایرانی بینکوں سے منسلک فرنٹ کمپنیوں، ایکسچینج ہاؤسز اور مالیاتی سہولت کاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ واشنگٹن تہران کے خلاف تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ممالک ایران کے ساتھ کاروباری تعلقات جاری رکھنے پر اصرار کریں گے، انہیں بھی امریکی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

چین نے اس صورتحال میں فریقین سے کشیدگی بڑھانے کے بجائے سیاسی اور سفارتی ذرائع سے اختلافات حل کرنے پر زور دیا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top