16 سال سے کم بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر بڑا اقدام، ہائیکورٹ کا نوٹس جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو ریگولیٹ کرنے سے متعلق درخواست پر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے وزارت آئی ٹی، وزارت اطلاعات، وزارت داخلہ اور وزارت قانون کے علاوہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور پیمرا کو بھی نوٹس جاری کیے ہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لیے مؤثر عمر کی تصدیق کا نظام متعارف کرایا جائے تاکہ بچوں کو آن لائن پلیٹ فارمز کے ممکنہ مضر اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں بچوں کے ڈیجیٹل تحفظ کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے اور کم عمر افراد کے بہترین مفاد کا تحفظ ریاست کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پیمرا کے قوانین میں بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق کوئی مخصوص قانون موجود ہے۔ وکیل نے جواب دیا کہ اس حوالے سے تاحال کوئی باقاعدہ قانون سازی نہیں کی گئی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ پیمرا کے پاس شکایات کی صورت میں کارروائی کرنے کے اختیارات سے متعلق قوانین موجود ہیں، تاہم کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو باقاعدہ طور پر ریگولیٹ کرنے کے لیے مخصوص قانون موجود نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کرلیا، جس کے بعد کیس میں آئندہ پیش رفت سامنے آئے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top