بحیرۂ مرمرہ میں دو ترک تجارتی جہاز آپس میں ٹکرا گئے، 10 افراد لاپتا

بحیرۂ مرمرہ میں دو ترک پرچم بردار تجارتی جہازوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10 افراد لاپتا ہوگئے، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق حادثہ ساحل سے تقریباً 18 میل دور پیش آیا، جہاں السُو اور توگبرک امام اوغلو نامی دو تجارتی جہاز آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم کے بعد دونوں بحری جہازوں کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

رپورٹس کے مطابق السُو نامی جہاز پر تقریباً 2 ہزار 999 ٹن انجن آئل لدا ہوا تھا، جبکہ دوسرے جہاز توگبرک امام اوغلو پر 4 ہزار 199 ٹن اسٹیل کوائلز موجود تھیں۔

حادثے کے بعد توگبرک امام اوغلو نامی جہاز سے رابطہ منقطع ہوگیا، جبکہ اس پر موجود عملے کے متعدد ارکان کے لاپتا ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ حکام کی جانب سے لاپتا افراد کا سراغ لگانے اور انہیں بحفاظت تلاش کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں حادثے کے مقام پر سرچ آپریشن میں مصروف ہیں اور لاپتا عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے سمندر میں مختلف مقامات پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات بھی شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top