پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف ناقص کارکردگی کے بعد سابق کپتان مصباح الحق قومی سلیکشن کمیٹی سے مستعفی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے اپنا استعفیٰ پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کو بھجوا دیا ہے، جس کی پی سی بی نے بھی تصدیق کردی ہے۔ دوسری جانب اسد شفیق بھی قومی سلیکشن کمیٹی سے مستعفی ہونے پر غور کر رہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کی انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی شدید تنقید کی زد میں ہے۔ ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر پی سی بی کی جانب سے بھی سخت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ آج استعفے دے رہے ہیں، سوال یہ ہے کہ انہوں نے اس سے پہلے کون سی اچھی ٹیمیں بنا کر بھیجی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ استعفیٰ دینا اچھی بات ہے، تاہم ٹیم کی کارکردگی انتہائی خراب رہی ہے اور اس سے برا وقت نہیں ہوسکتا۔
توصیف احمد نے مزید کہا کہ وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ دونوں میں صورتحال ایک جیسی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ہیڈ کوچ موجود ہے تو پھر اسے ٹیم کے معاملات کا علم ہونا چاہیے، تاہم یہ بھی واضح ہونا چاہیے کہ ٹیمیں تشکیل دینے کے عمل میں صرف مائیک ہیسن شامل تھے یا پس پردہ دیگر افراد بھی فیصلوں میں شریک تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ جبکہ ایشلے نوفکے کو بولنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
پی سی بی نے کرکٹ کے نتائج اور ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کے سخت احتساب کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے پاکستان کرکٹ کی ساخت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بھی کارروائی کیے جانے کا امکان ہے۔