پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی شادی کی افواہ نے مادیرا کے شہر فنشل میں مداحوں کی بڑی تعداد کو چرچ کے باہر پہنچا دیا۔
سوشل میڈیا اور مقامی سطح پر یہ خبر تیزی سے پھیلی کہ کرسٹیانو رونالڈو اپنی منگیتر جارجینا روڈریگز کے ساتھ شادی کرنے والے ہیں۔
شادی کی خبر سن کر ہزاروں مداح چرچ کے باہر جمع ہوگئے۔ مداحوں کو امید تھی کہ رونالڈو اور جارجینا کچھ ہی دیر میں چرچ پہنچیں گے اور ان کی شادی کی تقریب شروع ہوگی۔
تاہم جب چرچ میں شادی کی تقریب شروع ہوئی تو وہاں موجود لوگوں کو معلوم ہوا کہ شادی رونالڈو اور جارجینا کی نہیں بلکہ ایک عام جوڑے کی تھی۔
رونالڈو کی شادی کی افواہ کے باعث عام جوڑے کی تقریب کے باہر بھی مداحوں کا بڑا ہجوم جمع ہوگیا، جس سے صورتحال دلچسپ ہوگئی۔
یہ معاملہ جب کرسٹیانو رونالڈو تک پہنچا تو انہوں نے بھی اس پر ردعمل دیا۔ رونالڈو نے ’جورنال دا مادیرا‘ کی جانب سے واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ پر ہنستے ہوئے ایموجیز کے ذریعے اپنا ردعمل ظاہر کیا۔
دوسری جانب مادیرا میں یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز رواں موسمِ گرما میں شادی کرسکتے ہیں۔
تاہم اب تک کرسٹیانو رونالڈو یا جارجینا روڈریگز کی جانب سے شادی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
یوں رونالڈو کی شادی کی افواہ نے مداحوں کو چرچ تک تو پہنچا دیا، لیکن وہاں انہیں معلوم ہوا کہ جس شادی کا وہ انتظار کر رہے تھے، وہ رونالڈو کی نہیں تھی۔