پاکستان اور کرغزستان کا بڑا معاہدہ، تجارت اور دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تجارت، دفاع، توانائی، ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان راہداری تجارت کے معاہدے پر بھی دستخط ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ کرغزستان کے حوالے سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے کرغزستان کی تجارت اور ٹرانزٹ کے مواقع بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینے اور خطے میں رابطوں کے مزید مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے ورچوئل اثاثوں کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور مالیاتی منڈیوں کے انضمام کے ذریعے محفوظ ڈیجیٹل اثاثہ جاتی نظام کی بنیاد رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ سائنس، ٹیکنالوجی اور طبی تعلیم کے شعبوں میں تعاون سے متعلق متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

پاکستان اور کرغزستان نے توانائی کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں جانب سے کاسا 1000 منصوبے پر بروقت عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا گیا، جبکہ بجلی، پن بجلی، قابل تجدید توانائی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مشترکہ اعلامیے میں افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن اور استحکام جنوبی اور وسطی ایشیا کے درمیان رابطوں اور علاقائی تعاون کے لیے انتہائی اہم ہے۔ پاکستان نے کرغزستان کے عالمی ماحولیاتی اور پہاڑی ایجنڈے کے لیے اپنی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

سیکیورٹی کے شعبے میں دونوں ممالک نے دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ، غیرقانونی نقل مکانی اور سائبر کرائم کے خلاف تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں حوالگی اور فوجداری مقدمات میں باہمی قانونی معاونت سے متعلق معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ اس پیش رفت کو پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی روابط میں مزید وسعت کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اعلامیے میں دونوں ممالک نے تنازعات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یک طرفہ اقدامات سے گریز پر اتفاق کیا۔ پاکستان اور کرغزستان نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ افغان سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جانا چاہیے۔

تجارت، توانائی، سیکیورٹی اور علاقائی رابطوں کے شعبوں میں ہونے والے ان معاہدوں سے پاکستان اور کرغزستان کے باہمی تعلقات کو مزید وسعت ملنے اور وسطی و جنوبی ایشیا کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط مضبوط ہونے کی توقع ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top