
اسکردو سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد لاپتا ہونے والے کوہ پیماؤں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
بیس کیمپ ذرائع کے مطابق اب تک لاپتا 10 کوہ پیماؤں میں سے 4 کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ باقی 6 کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے ریسکیو اور سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔
یہ حادثہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب تقریباً 8 ہزار 47 میٹر بلند براڈ پیک پر اچانک برفانی تودہ کوہ پیماؤں کے ایک گروپ پر آ گرا۔ حادثے کے بعد متعدد کوہ پیماؤں سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق متاثرہ ٹیم میں دنیا کے معروف نیپالی کوہ پیما نمس دائی اور پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی بھی شامل تھے۔ ٹیم میں مجموعی طور پر نیپال کے پانچ کوہ پیما موجود تھے، جن کی قیادت نمس دائی کر رہے تھے۔
ریسکیو ٹیمیں انتہائی دشوار گزار موسم اور بلند پہاڑی علاقے میں مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ لاپتا کوہ پیماؤں کے بارے میں مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔