5 ستمبر تک طوفانی بارشوں کا امکان، مختلف علاقوں میں الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے۔ بلوچستان کے بالائی علاقوں میں 3 سے 5 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، خضدار اور ان سے ملحقہ علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ 4 اور 5 ستمبر کو بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز بارش اور ہواؤں کے دوران کمزور عمارتوں اور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی۔ مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہے۔

بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 9 گھروں کو نقصان ہوا، جن میں سے 4 گھر مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔ اس کے علاوہ 41 مویشی بھی تیز بارش اور سیلابی ریلے کی زد میں آ گئے۔

یہ حادثات بونیر، مردان، مہمند اور شانگلہ کے مختلف علاقوں میں پیش آئے، جہاں بارش کے بعد صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران مکمل الرٹ رہا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top